مینگلور 5؍ نومبر (ایس او نیوز) مینگلور سے قریب سوکلو میٹر دورسولیا کے گوتیگار علاقے میں سپاری چرانے کا الزام لگا کر بڑی بے رحمی سے ایک 16 سالہ لڑکے کی پیٹائی کرنے اور اس حملہ کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر اپلوڈ کرنے کے بعد 10 ملزمین کے خلاف پولیس نے کیس درج کر دیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ واقعہ ایک ہفتہ پہلے پیش آیا تھا مگر ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تاخیر سے یہ بات پولیس کے علم میں آئی ۔ متاثرہ لڑکے نے محکمہ بہبودیِ اطفال کے پاس شکایت درج کی ۔ تب اس کو زد و کوب کرنے والے دس افراد کے خلاف سبرامنیا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ۔ جن کی شناخت جیون، سچن، موکشیت ، سنتھ، مرلی، دنیش، ایشور چندرا، ورشیت اور چیتن کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ لڑکا اور تمام ملزمین گوتیگار اور اس کے آس پاس کے رہنے والے ہیں ۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ کیس درج ہونے کے بعد ملزمین فرار ہوگئے ہیں ۔